لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے کام کیا ہے۔ کوئی بھی معاشرہ عدل و انصاف کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو معاشرے میں قانون و انصاف کی بالادستی کو یقینی بنانا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لئے لوگوں کو بروقت انصاف ملنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کے لئے انصاف میں مشکلات ہیں جن کے لئے قانون سازی ہونی چاہئے۔ گورنر پنجاب نے وکلاء سے کہا کہ وہ غریب آدمی کو انصاف کے حصول کے لئے کوشش کریں۔ انہوں نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار اٹک آمد پر اٹک بار اور پیپلز لائرز فورم مدعو کرنے پر وکلاء برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اٹک بارمیری اپنی ہے، ہماری غمی اور خوشی ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ2008-2012 اٹک بارکاسنہری دورہے۔گورنرپنجاب نے ملک اسرارشہید کوخراج تحسین پیش کرتاہوں ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی ملک اسرار شہیدکو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم خوش آئند ہے اور یہ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی بنج کے ذریعے غریب کو انصاف ملے گا۔