جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام جھمرہ روڈ پر ایک مارکی میں گرینڈ احباب کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینیٹر سراج الحق، ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی، ناظم اعلی جڑانوالہ سعد الرحمن، باسم سعید چوہدری، سابق ٹکٹ ہولڈر و نائب امیر صوبہ پنجاب رانا عبدالوحید، سابق صدر بار ایسوسی ایشن رانا عتیق الرحمن ایڈووکیٹ، صدر سیاسی کمیٹی رانا سلطان محمود خاں، امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر سعید احمد، عمران شفیق، عامر الاسلام، اسد اللہ ساقی، حافظ توکیل، نعیم اختر چوہدری سمیت سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔ سراج الحق نے گرینڈ احباب کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 380 دنوں میں غزہ کو دنیا کا قبرستان بنا دیا گیا ہے، آج بھی میدان کربلا برپا ہے۔ غزہ میں جاری خونریزی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اسلامی ممالک کی خاموشی انتہائی افسوناک امر ہے۔ 7 بلین ڈالر اور آئی ایم ایف پاکستان کی خاموشی کی وجہ ہے معاہدہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فلسطین اور عزہ کے مسلمانوں کا ساتھ نہیں دے گا۔ ہمارے حکمران امریکہ کے ساتھ کھڑے ہیں جو باعث شرم ہے۔ جماعت اسلامی اور جمعیت طلبہ پاکستان نے غزہ کے نہتے مسلمانوں کیلئے 2 ارب 50 کروڑ کا سامان پہنچایا ہے۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ جو کرپٹ ہے اس کا احتساب ہونا چاہیے۔ آج ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے اس میں ن لیگ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومتوں کا برابر کا حصہ ہے۔ حسن بلال ہاشمی نے کہا کہ ہر تحریک کا ایک مقصد ہوتا ہے اور اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا مقصد نوجوانوں کو کامیاب انسان بنانا ہے۔