لاہور (نامہ نگار) کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ بھکر سے فتنہ الخوارج کا ایک اور سرگودھا سے الزینبیون کے ایک انتہائی خطرناک دہشت گرد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی 140 کارروائیاں کیں۔ جن میں 140 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 12 دہشت گردوں کو اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور دیگر ممنوعہ مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں ندیم مرتضی محمد جابر آصف افتخار، اعجاز حسین، شاہد سعید، حسن خان، فاروق احمد، جمشید خان، انور خان وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق فتنہ خوارج داعش الزینبیون اور دیگر تنظیموں سے ہے۔ ان دہشت گردوں کی گرفتاری بھکر سرگودھا رحیم یار خان، فیصل آباد، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور جھنگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کی گئی۔ ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 1310 گرام، ڈیٹونیٹرز 7، سیفٹی فیوز وائر 9 فٹ، آئی ای ڈی بم، 2 پستول ،گولیاں، کالعدم تنظیم کے پمفلٹ، 59 میگزین، 57500 روپے نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف 11 مقدمات درج کر کے ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔ اس ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 1318 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔40952 افراد کو چیک کیا گیا، 173 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 168 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔