شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف نے انتقام، نفرت اور منافقت کی سیاست نہ پہلے کی نہ اب کررہے ہیں، ان کی اولین ترجیح پاکستان کی معاشی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود ہے جسے عملی جامہ پہنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت بھرپور جدوجہد کررہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ ان شاء اللہ پاکستان کی عوام کو بحرانوں اور مایوسی کی دلدل سے جلد چھٹکارا ملے گا۔ میاں نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بناکر ناقابل تسخیر بنایا اور اپنے ہر دور وزارت عظمیٰ میں معیشت کو استحکام دیا۔ بجلی کے کارخانے لگا کر لوڈ شیڈنگ ختم کی۔ دہشت گردی کا خاتمہ کیا، موٹرویز بنائے، دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا۔ قومی ترقی کی اس روایت کو اب موجودہ حکومت آگے بڑھا رہی ہے۔ پاکستانی قوم نواز لیگ کی باصلاحیت و باکردار اور عوام دوست قیادت کے ساتھ کھڑی رہ کر ملکی ترقی کے سفر کو جاری رکھے گی۔
نواز شریف کی اولین ترجیح ملکی معاشی ترقی، عوامی فلاح و بہبود: عارف سندھیلہ
Nov 03, 2024