لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں پنجاب پولیس کے حوالے سے جمع کروائی گئی آڈٹ رپورٹ کے معاملہ پر ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کی محکمہ پولیس سمیت حکومت پنجاب کے تمام تر اداروں کی آڈٹ رپورٹس کا ہر سال پنجاب اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی میں جمع کروایا جانا معمول کی کارروائی ہے۔ پنجاب پولیس کی طرف سے خریداری کی مد میں پروسیجرل نقائص ممکن ہیں تاہم مالی بے ضابطگی کا تاثر ہرگز درست نہیں۔ پنجاب پولیس اپنے شعبوں میں خریداری کی مد میں تمام دستاویزی ثبوت اور ریکارڈ متعلقہ فورم پر پیش کر چکی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس متعلقہ کمیٹی میں آڈٹ رپورٹس کا ٹھوس حقائق پر مبنی مفصل جواب جمع کروا چکی ہے۔ پنجاب پولیس آڈٹ پیرا اعتراضات کی مد میں جمع کروائے گئے مفصل جوابات اور محکمانہ موقف کو متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش کرے گی۔