خصوصی مراعات سے صنعتی شعبے کو فروغ حاصل ہوگا، وفاقی وزیرسرمایہ کاری  

لاہور(نیوزرپورٹر )وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سپیشل اکنامک زونز صنعتوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،خصوصی مراعات سے ملک میں صنعتی شعبہ کو فروغ حاصل ہو گا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت سپیشل اکنامک زونز پر فوکل گروپ کااہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران فری اکنامک زونز کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی ہدایت پرچین کو ایک سپیشل اکنامک زون کے ترقیاتی امورآزمائشی بنیادوں پر دینے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر عبدالعلیم خان نے ملک بھر کے صنعتی زونز کیلئے خصوصی مراعات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز ملک میں صنعتوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، مسائل کے حل میں توانائی اور صنعتوں کی وزارتوں کو سپیشل اکنامک زونز میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی انڈسٹریل پارک کے فری اکنامک زون کو ماڈل بنانا ہے، ذمہ داریاں پوری کریں۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ خصوصی مراعات دیں گے تو ملک میں صنعتوں کو فروغ حاصل ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن