لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پولیس کو اداکارہ نرگس تشدد کیس کی میڈیکل رپورٹ موصول ہوگئی ۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق تشدد سے اداکارہ نرگس کے رخسار، ماتھے، سر اور بازوئوں پر چوٹیں آئیں۔ تشدد سے اداکارہ نرگس کی دائیں آنکھ بھی متاثر ہوئی۔ اداکارہ کو کند آلے سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ واضح رہے کہ اداکارہ نرگس پر تشدد کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج ہے۔ اداکارہ کے شوہر ملزم انسپکٹر ماجد بشیر نے قبل از گرفتاری ضمانت کروا لی۔ انویسٹی گیشن پولیس نے نرگس، گھریلو ملازمین اور اداکارہ کے بھانجے عمر کے بیانات بھی قلمبند کر لئے۔اداکارہ نرگس کے بیٹے علی مرتضیٰ نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے پاکستان میں قائم سفارت خانے کو درخواست ارسال کی ملزم کو گرفتار کر کے اس کے جرم کی سزا دی جائے اور میری والدہ غزالہ نرگس کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔ کینیڈا کے سفارت خانے کے قونصلر کی طرف سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو بھی نرگس کے بیٹے کی جانب سے ارسال کی گئی درخواست کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا۔ دریں اثناء انسپکٹر ماجد نے کہا کہ میری اہلیہ باکردار ہے، جھگڑے تو ہر گھر میں ہوتے ہیں، کچھ لوگ اس واقعے پر کردار کشی کر رہے ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا۔ نرگس تاحال میرے نکاح میں ہے اور یہ ہمارا ذاتی جھگڑا ہے۔