اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صحافیوں کا تحفظ کیے بغیر آزادی صحافت کا تحفظ ممکن نہیں۔صحافیوں کے خلاف جرائم پر استثنیٰ کے خاتمے کے عالمی دن پر جاری پیغام میں قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ صحافی مشکل حالات بالخصوص تنازعات اور جنگوں کے دوران رپورٹنگ کرتے ہیں، پرخطر حالات اور دوران جنگ صحافیوں کو مختلف خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ صحافیوں کو سنسرشپ، تشدد، دھمکیوں، اغوا اور قتل جیسے خطرے درپیش ہیں، جنگ زدہ علاقوں بالخصوص غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بڑی تعداد میں صحافی قتل ہوئے، اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں اب تک 130 سے زائد صحافی مارے جا چکے ہیں، قائم مقام صدر نے کہا ہے کہ صحافیوں کے خلاف تشدد کے واقعات سے جمہوریت کمزور ہوتی ہے، پاکستان نے صحافیوں کے تحفظ کیلئے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کا ایکٹ 2021 پاس کیا، پاکستان میں صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس متعارف کرائی گئی ہے۔