سیف اعوان
پنجاب پانچ دریاؤں کی بھرتی ہے سبز اور شاداب ہے۔پنجاب کی زرخیز زمین ،ہریالی اور خوشحالی کا پورے خطے میں کوئی ثانی نہیں ہے۔ پنجاب کا نہری نظام دنیا کے سب سے بڑے نہری نظاموں میں شمار ہوتا ہے۔پنجاب کا کاشتکار خوشحال ہوتا ہے تو پنجاب خوشحال ہوتا ہے پنجاب خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔ زیادہ تر پڑھے لکھے لوگ پنجاب کے لیے ایک مخصوص ٹرم استعمال کرتے ہیں کہ پنجاب فوڈ باسکٹ صوبہ ہے۔ جہاں اللہ تعالی نے ایسی زرخیز زمین بنائی ہے جہاں ہر قسم کی فصل چند دنوں میں تیار ہو جاتی ہے۔ یہ پنجاب کو اللہ تعالی کی طرف سے ایک بہت بڑی نعمت عطا کی گئی ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کسانوں کے لیے فرشتہ بن کر ائی ہیں۔ ان کے لیے یہ لفظ میں خود سے استعمال نہیں کر رہا بلکہ یہ کسانوں کا مریم نواز کو دیا لقب ہے۔مریم نواز نے ایک ہفتے میں کسانوں کے لیے تین بڑے میگا پر جیکٹ متعارف کروا دیے ہیں جو اس سے قبل کوئی وزیراعلی نہیں کر سکا۔مریم نواز نے پنجاب کے کسانوں کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا 400 ارب روپے کا پیکج دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کسان کارڈ باقاعدہ لانچ کر دیا ہے۔ مریم نواز کی کوشش تھی کہ پانچ لاکھ کسانوں کو کسان کارڈ دیے جائیں۔جب درخواستوں کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی تو یہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے لیے ایک بہت بڑا سرپرائز تھا۔مریم نواز نے درخواستوں کی وصولی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تعداد کو ساڑھے سات لاکھ تک کر دیا ہے۔ ابھی تک کسان کارڈ حاصل کرنے والے کسانوں نے اس کارڈ کے ذریعے 10 ارب تک کی خریداری بھی کر لی ہے۔ مریم نواز نے کسانوں کے لیے ایک دوسرا اور بڑا کام کیا ہے کہ کسانوں کو جدید قسم کا سپر سیڈر فراہم کر دیا ہے۔ مریم نواز پنجاب کے کسانوں کو پانچ ہزار سپر سیڈر تقسیم کرنے کی پلاننگ کر چکی ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے گزشتہ روز ایک ہزار سپرسیڈر تقسیم بھی کر دیے ہیں۔اس سپر سیڈر کی مارکیٹ میں قیمت 13 لاکھ روپے ہے اور مریم نواز نے ایک سپر سیڈر پر 8لاکھ روپے کی سبسڈی حکومت کی طرف سے ادا کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ سپر سیڈر اب کسان کو 13 لاکھ کی بجائے 5لاکھ روپے میں ملے گا۔جو لوگ زراعت کے شعبے کو سمجھتے ہیں ان کو اچھی طرح معلوم ہے کہ سپر سیڈر موجودہ دور میں کسان کے لیے کتنی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ مریم نواز نے پنجاب کے کسانوں کے لیے ایک اور بڑا تاریخی کام کیا ہے کہ پنجاب میں کسانوں کے لیے ٹریکٹر سکیم کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ مریم نواز پنجاب کے کسانوں میں 9ہزار 500 ہزار ٹریکٹر تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی باقاعدہ شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے مریم نواز نے گزشتہ روز اس کی باقاعدہ قر اندازی بھی کر دی ہے۔ ایک ٹریکٹر پر پنجاب حکومت کی جانب سے 10لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔اس لیے پنجاب کے کسانوں نے مریم نواز کو کسان دوست وزیراعلی کا لقب بھی دے دیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ کوئی بھی منصوبہ اس وقت لانچ کرتی ہیں جب اس کے تمام انتظامات مکمل ہو جاتے ہیں اور اس کا باقاعدہ لوگوں کو ریلیف ملنا شروع ہو جاتا ہے۔ماضی قریب میں آپ نے بھی یقینی طور پر دیکھا ہوگا کہ ایک حکومت آئی جس کا کام صرف دوسروں کے منصوبوں پر تختیاں لگانا تھا لیکن اس حوالے سے مریم نواز اس کے ٹوٹل برعکس کام کر رہی ہیں۔ ان کا ہر منصوبہ پنجاب میں تقریبا پہلی بار ہی متعارف کروایا جا رہا ہے۔ کچھ لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لیے کسانوں کا استحصال ضرور کرتے رہے ہیں اور ان کو اپنی سیاست کے لیے استعمال بھی کرتے رہے ہیں جبکہ یہ لوگ اقتدار میں تھے تو انہوں نے کسانوں کے لیے عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا اور مریم نواز حقیقی معنوں میں کسانوں کے لیے کام کر رہی ہیں۔ مریم نواز نے کسان کارڈ کی تقسیم کے دوران یہ بات بھی واضح کی تھی کہ حکومت کا کام نہیں ہے کہ کسانوں سے گندم خریدی جائے کیونکہ گندم کے گزشتہ سیزن میں کچھ لوگوں نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں سے گندم نہیں خرید رہی۔اس بیان کے جواب میں مریم نواز نے اس غلط فہمی کو دور کرتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی پنجاب حکومت نے کسانوں سے گندم نہیں خریدی یہ ہمیشہ مڈل مین ہی خریدتا ہے جو آگے حکومت کو بیچتا ہے۔مریم نواز کے مخالفین ہر معاملے میں سیاست کرتے ہیں جبکہ مریم نواز اپنے کام کے ذریعے ان کو جواب دیتی ہیں۔مریم نواز نے کسان کارڈ کی تقسیم کے دوران کسانوں سے کہا کہ یہ میاں نواز شریف کی خواہش تھی کہ وہ اس تقریب میں خود شریک ہوتے اور آپ کو کسان کارڈ تقسیم کرتے لیکن میاں نواز شریف اپنی مصروفیات کے باعث بیرون ملک ہونے کی وجہ سے اس تقریب میں شریک نہیںہو سکے۔ مریم نواز اب تک کسانوں کے لیے جو تین بڑے پروجیکٹ متعارف کروا چکی ہیں اس کو بروئے کار لاتے ہوئے یقینی طور پر اب پنجاب میں گندم ،چاول سمیت دیگر اجناس اور فصلوں کی پیداوار میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوگا اور پنجاب میں آئندہ سیزن تک کسی اجناس کی قلت نہیں رہے گی۔پنجاب کی گندم ،چاول اور گنا دنیا بھر میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں کیونکہ پنجاب کی مٹی بڑی زرخیز ہے اور اس سے نکلنے والی ہر چیز سونا ہوتی ہے۔ مریم نوازایک اور بڑا تاریخی کام کر رہی ہیں کہ جو چھوٹے کسان ہیں ان کے لیے رینٹ پر زرعی مشینری فراہم کر رہی ہیں اس سے یقینی طور پر کسانوں کا ایک بڑا طبقہ مستفید ہوگا۔