طورخم بارڈرپرنیٹو کو سپلائی آج چوتھے روزبھی معطل، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیٹو کے سیکرٹری جنرل سے کل ملاقات کریں گے

نیٹو فورسز کو طورخم کے راستے سپلائی بند ہونے کی وجہ سے افغانستان میں نیٹو اوراتحادی افواج کیلئے تیل ، اشیائے خوردونوش اوردیگر سازو سامان سے بھری ہزاروں گاڑیاں چار روز سے کھڑی ہیں ۔ حکومت کی جانب سے پشاورسے آنے والی گاڑیوں کا خیبر ایجنسی میں داخلہ بند کئے جانے کے بعد تختہ بیگ کے علاقے میں بھی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں ۔ ان گاڑیوں ، آئل ٹینکرز اور کنٹینرز کی حفاظت کیلئے سکیورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ کے خاصہ دار فورسز کے اضافی دستے تعینات کئے گئے ہیں جن کا طورخم لنڈی کوتل روڈ پر گشت جاری ہے۔ واضح رہے کہ چند دن پہلے نیٹو حملے میں تین پاکستانی سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ جس کے بعد سے پاکستان نے نیٹو کی سپلائی معطل کی ہوئی ہے۔ ادھر
پاکستانی حدود میں نیٹو حملوں پر بات کرنے کےلیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیٹو کے سیکرٹری جنرل اینڈرس فوگ راسموسین سے کل برسلز میں  ملاقات کریں گے۔ نیٹو کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت خفیہ رکھی جائے گی اور میڈیا کو بریفنگ بھی نہیں دی جائے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن