سیالکوٹ سٹالینز کا راولپنڈی ریمز کو ہرا کرچھٹی بار نیشنل ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ جیتنے کا نیا ریکارڈ

Oct 03, 2011

سفیر یاؤ جنگ
کراچی (سپورٹس رپورٹر + آئی این پی + ریڈیو مانیٹرنگ) نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں پانچ مرتبہ کی قومی ٹی ٹوننٹی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز نے ایک انتہائی اعصاب شکن اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد راولپنڈی ریمز کو10رنز سے شکست دے کر چھٹی بار قومی چیمپیئن بننے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔اتوار کو یہاں نیشنل سٹیڈیم میں بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ہزاروں تماشائیوں نے یہ دلچسپ میچ دیکھا۔ ثانیہ مرزا پورے میچ کے دوران اپنے شوہر شعیب ملک کی ٹیم سیالکوٹ سٹالینز کی کارکردگی کو خوب داد دیتی رہیں‘گورنر سندھ عشرت العباد سمیت بہت سی اہم شخصیات نے بھی یہ دلچسپ میچ دیکھا ا سیالکوٹ سٹالینز کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر180 رنز بناکر حریف ٹیم کو کامیابی کیلئے 181 رنز کا قدرِ مشکل ہدف دیا۔سیالکوٹ اسٹالینز کی جانب سے قیصر عباس نے 44 اور شعیب ملک نے 43 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔راولپنڈی ریمز کی جانب سے اویس ضیا نے دو،سہیل تنویر اور محمد رمیز نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔راولپنڈی ریمز کی طرف سے 181 رنز کے ہدف کے حصول کیلئے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا خاص طور پر نوید ملک نے 47 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔ تاہم ان کے بعد میں آنے والے بلے باز بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے ۔ہدف کے تعاقب میں راولپنڈی ریمز کی پہلی وکٹ 34 کے سکور پر گری۔ اویس ضیا 32 رنز بنانے کے بعد حسن رضا کا شکار بنے ۔راولپنڈی ریمز کی دوسری وکٹ 59کے سکور پر گری۔ بابر نعیم کو نوید الحسن نے آوٹ کیا ۔راولپنڈی ریمز کی تیسری وکٹ80 کے سکور پر گری۔طاہر مغل کو عبدالرحمان نے آوٹ کیا ۔116 کے مجموعی سکور پر عمر امین عبدالرحمان کا دوسرا شکار بنے۔ 145 کے مجموعی سکور پر نوید ملک 67 رنز بنانے کے بعد نوید عارف کا شکار بنے ۔نوید ملک نے 47 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے ۔نوید ملک کے آﺅٹ ہونے کے بعد حماد اعظم اور کپتان سہیل تنویر کے ایک ہی اوور میں یکے بعد دیگر آﺅٹ ہونے سے راولپنڈی ریمز کی کامیابی کی تمام امیدیں ختم ہو گئیں‘ راولپنڈی ریمز کو آخری اوور میں کامیابی کیلئے پندرہ رنز درکار تھے تاہم ان کے آخری بلے باز جمال انور اور عدنان مفتی نے مطلوبہ رنز حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے ۔ سیالکوٹ اسٹالینز کی جانب سے عبدالرحمان نے دو ، نوید عارف ، حسن رضا اور نوید احسن نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔ علیم ڈار اور اسد رﺅف نے فائنل مقابلے کی امپائرنگ کی۔ راولپنڈی کی ٹیم مطلوبہ 181 رنز کے ہدف کے حصول میں 170 رنز بنا پائی۔ گورنر سندھ عشرت العباد نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔دریں اثنا راولپنڈی ریمز کے نوید ملک کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، اس موقع پر انٹرنیشنل امپائر علیم ڈار کو پی سی بی کے چیئرمین اعجاز بٹ نے 10 لاکھ کیش اور ٹرافی دی۔
مزیدخبریں