جنوبی وزیرستان انتظامیہ کا ریلی کی اجازت دینے سے انکار ‘ مارچ ضرور ہو گا : تحریک انصاف

Oct 03, 2012

پشاور+لاہور (ثناءنیوز+خصوصی رپورٹر) جنوبی وزیرستان انتظامیہ نے تحریک انصاف کو کوٹ کئی کے علاقے میں ریلی منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا ڈاکٹر تاشفین نے کہا ہے کہ عمران خان کا جنوبی وزیرستان جانا ٹھیک نہیں۔ مقامی انتظامیہ کے ایک عہدے دار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ وزیرستان میں حالات موزوں ہیں نہ ہی پولیٹیکل انتظامیہ کے پاس کوٹ کئی میں تقریبا ایک لاکھ لوگوں پر مشتمل ریلی کی حفاظت کےلئے وسائل موجود ہیں۔ انتظامیہ کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ دہشت گرد ریلی کے شرکاءپر حملہ کر سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے مقامی رہنما دوست محمد نے ٹانک میں پولیٹیکل ایجنٹ شاہد اللہ سے اجازت کے لئے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ حکام کے مطابق انتظامیہ نے دوست محمد کو بتایا کہ جنوبی وزیرستان کے کسی بھی علاقے میں کسی بھی سیاسی تنظیم کو ریلی کی اجازت دینا ممکن نہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شفقت محمودنے کہا کہ حکومت چاہے اجازت دے یا نہ دے وزیرستان امن مارچ اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی روانہ ہوگا۔ حکومت رکاوٹیں نہ ڈالے، انہوں نے کہا کہ فاٹا کی عوام نے تحریک انصاف کے امن مارچ کا خیر مقدم کیا ہے اور ایسی کوئی وجہ نہیں ہے کہ انتظامیہ اسے روکنے کی کوشش کرے۔تاہم فیصلہ جو کچھ بھی ہومگر پاکستان تحریک انصاف کو اس تاریخی امن مارچ سے نہیں روکا جا سکتا۔یہ اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی روانہ ہوگا۔شفقت محمود نے شیڈول کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد سے مورخہ 06اکتوبر2012ءکواس پروگرام کے تحت روانہ ہونگے۔(06اکتوبر2012ءصبح9:30بجے کشمیر ہائی وے نزد مارگلہ موٹل اسلام آباد سے روانگی، 9:45بجے اسلام آباد ٹول پلازہ موٹر وے پر استقبالیہ، 10:30بجے بالکسر انٹرچینج پر استقبالیہ،11:00بجے تلہ گنگ میں استقبالیہ، 12:00بجے ریکھی میں استقبالیہ، 12:30میانوالی میں استقبالیہ، دوپہر1:00بجے کندیاں میں استقبالیہ، 2:00بجے استقبالیہ بمقام پہاڑ پور، 3:00بجے استقبالیہ اور بعد ازاں رات کا قیام بمقام ڈیرہ غازی خان)، (07اکتوبر2012ءصبح07:00بجے ٹانک سے کوٹکئی کےلئے براستہ جنڈولہ اور اسپن کئی راگزئی روانگی ہوگی)۔ پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف فاٹا کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر بشیر ،فخر عالم مہمند ، جاوید آفریدی اور نوید احمد سمیت دیگر نے کہاکہ قبائل نے ہمیشہ سے ملک کی سرحدوں کی تحفظ کی ہے تحریک انصاف کا وزیرستان مارچ قبائلی عوام کو ڈرون حملوں سے نجات میں کردار ادا کریگا ان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام پر امن اور محبت ہیں تاہم حکمرانوں نے ہمیشہ ان کی راہ میں روڑے اٹکائے ہیں۔ قبل ازیں نجی ٹی وی کے پروگرام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ چھ اکتوبر کو ہر صورت میں امن مارچ لیکر وزیرستان جائینگے ، محسود قبائل مکمل سکیورٹی فراہم کرے گا تحریک انصاف کی ممبر شپ ایک کروڑ تک پہنچ چکی ہے۔ وزیرستان جانے والے لوگوں کے سمندر کو کوئی نہیں روک پائے گا امن مارچ میں دو سو غیر ملکی صحافی بھی ہونگے ، وانا میں جلسہ کرکے اندا ھیر چھانے سے پہلے ہی امن مارچ واپس آجائے گا انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام امن مارچ کا تاریخی استقبال کرینگے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے لوگ ہمارے امن مارچ کیخلاف تقریریں کررہے ہیں اقتدار میں بیٹھی جماعتیں وزیرستان میں جانے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی آر آئی کا سروے بہتری کاسروے ہے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کو تباہ کردیا۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔بیرون ملک سے بھی پاکستان تحریک انصا ف کے پارٹی کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف قطر دوہا کے جنرل سیکرٹری ریاض محسود ساتھیوں سمیت وزیرستان امن مارچ کے لئے جنوبی وزیرستا ن پہنچ گئے۔ مظالم کو بین الااقوامی طورپر اجاگر کرنے کے لئے امن مار چ کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ امن مارچ ضرور ہوگا۔

مزیدخبریں