الیکشن کمشن کو مزید 44 ارکان پارلیمنٹ کے گوشوارے موصول، تعداد 949 ہو گئی

Oct 03, 2013

اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمیشن کو مزید 44 ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے گوشوارے موصول ہو گئے ہیں جس کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے ارکان کی تعداد 949 ہو گئی ہے جبکہ 220 ارکان کی جانب سے ابھی تک گوشوارے جمع نہیں کرائے گئے۔ بدھ کو الیکشن کمشن کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق اب تک 949 ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں نے اپنے گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمشن کو ارسال کر دیئے ہیں ان میں قومی اسمبلی کے 286 اور سینٹ کے 92 ارکان شامل ہیں، پنجاب اسمبلی کے 310، سندھ اسمبلی 136‘ خیبر پی کے کے 72 اور بلوچستان اسمبلی کے 53 ارکان نے اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرا دیئے ہیں۔ 5 نشستیں ابھی تک خالی ہیں۔ بدھ کو گوشوارے جمع کرانے والوں میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، وزیر برائے انسانی وسائل کی ترقی صدر الدین شاہ اور ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار و دیگر شامل ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے غیر ملکی دورے کی وجہ سے الیکشن کمشن میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے دو دن کی مہلت طلب کی تھی۔ بدھ کو شام گئے تک وزیراعظم کی جانب سے اپنے گوشوارے کمشن میں جمع نہیں کرائے گئے تھے۔

مزیدخبریں