بلدیاتی انتخابات جماعتی ہوں یا غیر جماعتی بائیکاٹ نہیں کرینگے: شجاعت

Oct 03, 2013

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی ہوں یا غیر جماعتی بائیکاٹ نہیں کرینگے۔ سیاسی جماعتیں کراچی آپریشن میں پولیس اور رینجرز کے ساتھ تعاون کریں۔ بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر لگتا ہے لوگ میٹر کٹوا دینگے اور لالٹینیں جلانا شروع کر دینگے۔ بجلی مہنگی کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا گیا جبکہ مشاہد حسین نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف سینٹ میں تحریک التواءجمع کرادی ہے۔ پارٹی اجلاس کے بعد اپوزیشن کو پٹرولیم وبجلی کی قیمتوںمیں اضافے کیخلاف احتجاج کیلئے دعوت دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بولان میڈیکل یونیورسٹی میں زیرتعلیم طلباءو طالبات کے 100 رکنی وفد سے خطاب و صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بلوچستان کی بولان میڈیکل یونیورسٹی میں زیرتعلیم طلباءو طالبات کے 100 رکنی وفد نے اپنے مطالعاتی دورے کے دوران بدھ کی صبح چودھری شجاعت کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی جہاں انکی خاطر تواضع روائتی پنجابی ناشتے حلوہ پوری سری پائے سے کی گئی۔ شجاعت حسین نے کہا کہ (ق) لیگ بلدیاتی انتخابات کا کسی صورت بائیکاٹ نہیں کرے گی خواہ یہ جماعتی بنیادوں پر ہوں یا غیر جماعتی۔ (ق) لیگ بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے روز اول سے کوشاں ہے اورہم نے 9 سال بیشتر اس سلسلے میں اپنی سفارشات مرتب کی تھی جن پر بدقسمتی سے عملدرآمد نہ ہوسکا۔ اس موقع پر مشاہد حسین نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر پارٹی کا اجلاس لاہور میں طلب کر لیا ہے جس میں اپوزیشن جماعتوں کو مل کر احتجاج کرنے کی دعوت دی جائیگی۔ پاکستان کو درپیش تین اہم ترین مسائل بجلی، بمباری اور بلوچستان کا مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل طلب ہے۔ اس موقع پر چودھری شجاعت نے طلباءو طالبات کے سفری اخراجات کیلئے 2 لاکھ روپے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

مزیدخبریں