چمن ( نوائے وقت نیوز+نیشن رپورٹ) چمن میں پاکستان، افغانستان سرحد پر واقع باب دوستی کے قریب افغانستان کی سرحدی حدود میں واقع افغان کسٹمز ہاﺅس میں خودکش حملہ، 6افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو افغان سرحدی علاقے میں واقع ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ خودکش حملہ اس وقت کیا گیا جب ایک سرکاری وفد افغان کسٹمز ہاﺅس کا معائنہ کررہا تھا کہ اسی دوران ایک افغان خودکش حملہ آور نے خود کو کسٹم ہاﺅس کے اندر داخل ہو کر اڑا دیا جس سے انتہائی زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے بعد سرحد پر آمدورفت معطل ہوگئی جبکہ سکیورٹی انتظامات کو انتہائی سخت کردیا گیا‘ دھماکے کے بعد دونوں جانب سے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو پاکستانی سرحد کے اندر واقع کسٹم کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔نیشن کے مطابق دھماکہ میں 3 سویلین 2 افغان سکیورٹی اہلکار ایک پاکستانی اہلکار جاں بحق ہوئے جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 6 ایف سی اہلکار بھی شامل ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر چمن کے مطابق بمبار پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا، روکنے پر اس نے دھماکہ کردیا۔
چمن: باب دوستی کے قریب افغان کسٹمز ہاﺅس میں خود کش دھماکہ‘ 6 جاں بحق‘ 15 زخمی
Oct 03, 2013