فوج نے سرکاری محکموں کی طرف سے اپنی تنصیبات کو نقصان پر ایف آئی آر درج کرا دی

لاہور (معین اظہر سے) فوج نے فوجی اور سرحدی علاقوں میں پنجاب کے سرکاری محکموں کی طرف سے ترقیاتی کاموں کی آڑ میں فوجی تنصیبات اور کمیونی کیشن کو نقصان پہنچانے پر ایف آئی آر درج کرا دی ہے اور چیف سیکرٹری کو کورہیڈ کواٹر کی طرف سے لیٹر لکھ دیا ہے کہ آئندہ فوجی اور سرحدی علاقوں میں ترقیاتی کاموں سے قبل فوجی حکام سے اجازت کے بعد ترقیاتی کام شروع کئے جائیں گے۔ فوجی ذرائع کے مطابق بھارتی سرحد پر اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے لگائی گئی ڈیفنس آپٹک فائبر کو کاٹ دیا گیا جس کی وجہ سے بھارت کیساتھ سرحد پر فوج کا آپسی رابطہ منقطع ہوگیا جس کے بعد فوج میں فوری ایمرجنسی کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ کورہیڈ کوارٹر کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈیفنس آپٹک فائبر جو کمیونی کیشن کیلئے استعمال ہوتی ہے اس پر بعض سول محکمے اپنے کام کے دوران اس آپٹک فائبر کو توڑ دیتے ہیں جبکہ جہاں جہاں یہ فائبر رہائشی علاقوں میں ہے وہاں پر آرمی کی طرف سے نشانات دئیے گئے ہیں کہ سول ورک کے دوران ان کو نقصان نہ پہنچ سکے۔ اس بارے میں فوجی حکام نے ایک لیٹر بھی لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 19 اگست کے روز ائرگیشن ڈیپارٹمنٹ نے بیدیاں سے 3 کلومیٹر کے فاصلے پر کاٹ دی جس کے بعد فوج نے نامعلوم افراد کیخلاف ایف ائی آر درج کروا دی ہوئی ہے تاہم بعد میں پتہ چلا کہ تاہم جس وقت کیبل کاٹی گئی وہاں پر ذمہ داران افسران بھی موجود تھے جس میں اے سی کینٹ اور ایکسین اریگیشن جو کہ بارش اور سیلابی پانی کے نکاس کےلئے بندوبست کر رہے تھے جس پر ان دو افسران کی موجودگی انوسٹی گیشن کرنے کے بعد ثابت ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پولیس اس کیس میں تفتیش کر رہی ہے اسلئے تمام محکموں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ آئندہ سے کسی فوجی علاقے میں یا سرحدی علاقے میں کوئی بھی محکمہ ترقیاتی کام کریگا تو اس کیلئے اس محکمے کو پہلے فوجی حکام سے اجازت لینا پڑیگی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس بارے میں تمام محکموں کو ہدایات جاری کر دی جائیں جس پر چیف سیکرٹری پنجاب نے فوجی پریشر پر تمام صوبائی محکموں کے سربراہ کو لیٹر جاری کر دیا ہے کہ وہ آئندہ سے فوجی علاقوں میں فوجی حکام سے ترقیاتی کاموں کےلئے مل لیا کریں جبکہ فوج کی طرف سے کمشنر لاہور اور ڈی سی او لاہور کو بھی لیٹر لکھا گیا ہے جس میں انہوں نے کیبل کے کٹے ہونے کے ثبوت تصاویر کی صورت اور ایف ائی آر کی کاپی بھی ان کو بھجوائی ہے۔ فوج نے جو ایف ائی آر درج کروائی ہے وہ زیر دفعہ 379، ت پ کے تحت کروائی ہے فوج نے اپنی ایف ائی آر میں کہا ہے کہ نامعلوم چوروں نے ان کی 15 میٹر کیبل چوری کر لی ہے تاہم اس بارے میں اعلی افسر کے مطابق کیبل کاٹی گئی تھی یا چوری ہوئی تھی فوج کے دونوں لیٹر میں مختلف بات کی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن