پشاور(بیورورپورٹ)پشاور کے علاقہ یکہ توت میں مختلف واقعات کے دوران نامعلوم ملزمان نے بھتہ کی ادائیگی نہ کرنے پر دو تاجروں کے گھروں پر بارودی بموںکے دھماکے کئے جبکہ ایک تاجر راحت علی کو 30لاکھ تاوان کی غرض سے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ حاجی عثمان سکنہ دیر کالونی کے مکان کے قریب دیسی ساختہ بم زوردار دھماکہ سے پھٹا۔ مدعی نے بتایا نامعلوم بھتہ خور اس سے 50لاکھ روپے بھتہ کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ خالد ٹائون میں بھی تاجر کے گھر پر کریکر بم دھماکہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پشاور کے نواحی علاقہ پشتہ خرہ سفید ڈھیری میں نامعلوم ملزمان نے2 جگری دوستوں کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ضیاء الرحمن اور عزیز الرحمن کسی کام کی غرض سے پوخ جماعت کے علاقہ میں گئے تھے جہاں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جبکہ پشاور کے علاقہ ریگی سفید سنگ میں نامعلوم مسلح نقاب پوش ملزمان کی چلتی ٹیکسی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئی۔ سید سلیم شاہ نے بتایا گزشتہ روز اس کی بیوی مسماۃ جہان آراء اور بیٹی نیلم عمر 22سال ٹیکسی میں اپنے رشتہ داروں کے گھر ریگی جارہی تھیں جب نامعلوم ملزمان نے انہیں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ مدعی نے بتایا ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی وغیرہ نہیں۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ڈرائیور کو شامل تفتیش کرلیا۔