کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں پُرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ۔ جمعرات کو بھی خاتون سمیت6 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جبکہ فائرنگ سے4 افراد زخمی بھی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹائون کے علاقے گلشن مزدور میں نامعلوم افراد نے ایک شخص کو تشدد کرکے ہلاک کر دیا اور اس کی نعش کو بیگ میں ڈالنے کے بعد پھینک کر فرار ہوگئے۔ ادھر شاہراہ نورجہاں کے علاقے میں مسلح افراد نے 25 سالہ نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ اورنگی ٹائون کے علاقے ضیاء کالونی میں عثمانیہ مسجد کے نزدیک 30 سالہ خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی جبکہ ابراہیم حیدری میں ماسکو گارمنٹ کمپنی کے قریب سے45 سالہ شخص کی کپڑے میں لپٹی ہوئی لاش اور اختر کالونی سے35 سالہ شخص کی لاش ملی۔ دونوں کو تشدد اور گلا گھونٹ کر ہلاککیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ایم پی آر کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص40 سالہ ذوالفقار زخمی ہوگیا۔ یوسف گوٹھ میں فائرنگ سے25 سالہ خیر محمد زخمی ہوگیا اور سعید آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہزاد زخمی ہوگیا۔ ملت ٹائون میں بھی ایک شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا جبکہ کورنگی کے علاقے مہران ٹائون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص35 سالہ یاسین زخمی ہوگیا۔