اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/ خبرنگار) پیپلز پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی نظام بوسیدہ ہوچکا، درستگی کے لئے ایک بڑی سرجری کی ضرورت ہے، پیپلزپارٹی چھوڑ کر کسی دوسری پارٹی میں شمولیت کا ارادہ نہیں، پارٹی میں رہ کر شہید ذولفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریات کے لئے جدوجہد کروں گی، مسلم لیگ ن کی قیادت نے ماضی کی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا، پولیس گردی، جعلی اور جھوٹے مقدمات میں کارکنوں کو ملوث کیا جارہا ہے، میرے خلاف انکوائریاں بے بنیاد اور جھوٹے الزامات پر مبنی ہیں، نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ دس سال پارلیمنٹ میں بیٹھ کر اس نتیجے پر پہنچی ہوں کہ موجودہ سیاسی نظام عوام کی فلاح وبہبود میں ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے اداروں کو خودمختار بنانا ہو گا۔ عمران خان نے ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفہ کو آگے بڑھایا ہے، یہ کام پیپلزپارٹی کا تھا، ہمیں اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں کو تسلیم کرکے ایک نئے سفر کو شروع کرنا ہو گا، پارٹی کے اندر احتساب ہونا چاہئے۔ مجھے آزادی سے کام کرنے نہیں دیا گیا۔ خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ان کے ورکروں پر بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات بنائے۔
موجودہ سیاسی نظام بوسیدہ ہوگیا‘ ’’میجرسرجری‘‘ کی ضرورت ہے: فردوس عاشق
Oct 03, 2014