اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے اعلامیہ کے مطابق کپاس کی امدادی قیمتوں کی منظوری دیدی گئی۔ کپاس تین ہزار روپے فی من خریدی جائے گی۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کپاس کی دس لاکھ گانٹھیں خریدے گی۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ سیلاب سے کسانوں کا کافی نقصان ہوا، مشکل کی گھڑی میں ان کا بھرپور ساتھ دینگے۔ اجلاس میں گوادر سے نواب شاہ تک گیس پائپ لائن بچھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ گیس پائپ لائن 700 کلومیٹر طویل ہو گی اور ایل این جی ٹرمینل سے منسلک کی جائے گی۔ پائپ لائن کیلئے مقامی کمپنیوںکو مساوی مواقع دیئے جائیں گے۔ دریں اثنا ایکنک نے خیبر پی کے میں صحت کی بہتر سہولیات کیلئے منصوبے کی بھی منظوری دیدی جس سے زچہ بچہ کی صحت بہتر بنانے اور پولیو کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کیلئے فنڈنگ 30 جون 2015ء تک جاری رکھی جائے، چکدرہ گرڈ سٹیشن کے منصوبے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ دی نیشن کے مطابق گوادر، نواب شاہ ایل این جی ٹرمینل اور پائپ لائن منصوبے پر 3 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ ٹرمینل کی 500ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی صلاحیت ہوگی، انٹرسٹیٹ گیس سسٹم (پرائیویٹ) لمیٹڈ اس منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہو گی۔ وزیرخزانہ نے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے وزارت پٹرولیم وقدرتی وسائل کوبی روئی کی بنیاد پر منصوبے کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ ای سی سی نے وزارت صنعت وپیداوار مقامی مصنوعات کیلئے فنانس بل 2014-15ء کی روشنی میں مشینری آلات اور دوسری چیزوں کی مینو فیکچرنگ کرنے کی بھی منظوری دی۔ مزید مقامی مینوفیکچرز کو برابری کی سطح پر سہولت کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایف سی آرکی ورکنگ کمیٹی بھی قائم کی گئی۔