پشاور/ گلگت (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) پشاور کے علاقہ بڈھ بیر بازید خیل میں مسافر وین میں نصب بم پھٹنے کے نتیجہ میں ایک ایف سی اہلکار اور ایک بچے سمیت 7افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے دھماکہ کے بعد گاڑی میں نصب گیس سلنڈر کی وجہ سے گاڑی میں آگ لگنے کے باعث نعشیں بری طرح جھلس گئیں جس کی وجہ سے 3 نعشیں ناقابل شناخت ہیں۔ پولیس نے علاقہ کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا جس کے دوران متعدد مشکوک افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا امدادی ٹیموں نے نعشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیاجہاں دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ ترافراد کا تعلق اہل تشیع سے ہے بی ڈی یو کے مطابق دھماکہ میں 5کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے، فلائنگ کوچ ڈرائیور کے مطابق اڈہ سے سوار ایک مسافر جس کے ساتھ بیگ بھی تھا، نے دو اضافی سیٹیںخواتین کیلئے بک کی تھیں اور جب بازید خیل میں وہ خواتین کو بلانے کیلئے گاڑی سے اترا تو اس کے کچھ دیر بعد زوردار دھماکہ ہوگیا۔ پشاورکے علاقہ یکہ توت دورہ روڈ پر نامعلوم ملزمان نے پولیس لائن میں تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر آصف محمود کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقہ میں سرچ آپریشن شروع کردیا جس کے دوران متعدد مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اے ایس آئی آصف بچوں کو دورہ روڈ پر سکول میں چھوڑنے کے بعد ڈیوٹی کیلئے پولیس لائن جارہا تھا۔ ادھر بم ڈسپوزل یونٹ نے شہر کے مختلف مقامات پر نصب 5بموں کو ناکارہ بنا کر پشاور کو بڑی تباہی سے بچا لیا خزانہ میں بجلی کے مین ٹرانسمیشن لائن کو بموں سے اڑانے کیلئے نصب تین بموں، بڈھ بیر میں سڑک کنارے واٹر کولر میں نصب 20کلو گرام وزنی بم جبکہ اسی مقام سے کچھ فاصلے پر واٹر پائپ میں نصب 5کلو گرام وزنی بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ گلگت سے نامہ نگار کے مطابق گلگت سے حراموش جانے والی مسافر وین پر عالم برج کے قریب سکردو روڈ پر دھماکہ ہوا جس سے 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی گلگت شہر میں سخت خوف و ہراس پیدا ہو گیا اور بازار و مارکیٹوں میں عید کی خریداری میں مصروف لوگوں نے اپنے گھروں کی راہ لی اور دیکھتے ہی دیکھتے بازار سنسان ہو گئے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پشاور اور گلگت میں ویگنوں میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے بازید خیل دھماکنے کی مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو 5، 5 لاکھ اور زخمیوں کو 2، 2 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیر باغ میں فائرنگ کا نشانہ بننے والے سب انسپکٹر کے ورثاء کو 30 لاکھ روپے نقد اور 20 لاکھ روپے کا پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ رائٹر کے مطابق شفقت ملک سینئر پولیس افسر نے بتایا بم ڈسپوزل سکواڈ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں سے 6 بم ناکارہ بنائے جبکہ نجی ٹی وی نے بم ڈسپوزل سکواڈ کے حوالے سے بتایا یہ تعداد 7 ہے۔