اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ناصرالملک نے تمام بھرتی ہونے والے افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی اور کہاہے کہ یہ فیصلہ بعد میں کیا جائے گا کہ یہ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں۔ چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے جمعرات کو اس درخواست کی سماعت کی جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی بھرتیوں کو چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست کا موقف تھا کہ یہ بھرتیاں غیرقانونی طور پر ہوئی ہیں‘ من پسند لوگوں کو نوازا گیا ہے اور میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔ درخواست گزار نے ان بھرتیوں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے قانون کے مطابق نئی بھرتیاں کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔