کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے جمعہ کو بلاول ہاﺅس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں کراچی پیکج کے متعلق بریفنگ دی،کراچی پیکج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر شروع کیا جا رہا ہے، بریفنگ کے بعد کراچی پیکج پر تفصیلی بات چیت کی گئی جس کا افتتاح دسمبر 2015میں ہوگا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 150ارب روپے کے اس پیکج کی تمام منصوبہ بندی اور مرحلہ وار عملدرآمد کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز بالخصوص تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر ساتھ رکھا جائے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی بیوٹیفکیشن پلان کے ساتھ ساتھ شہر کی صفائی کے لیے بھی جامع حکمت عملی اور بندوبست کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے کراچی کے شہریوں سے عہد کیا ہے کہ انہیں مکمل تحفظ کے ساتھ پرامن ماحول مہیا کیا جائے گا، اور بلا کسی خوف کے تمام شہریوں کے لیے ترقی اور خوشحالی کے برابر مواقع فراہم کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی شہر کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ ، منظم اورسیاحت اور تجارت کے عالمی مرکز والے شہروں میں ہو۔
پیپلز پارٹی شہریوں کومکمل تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ پورا کریگی ، بلاول زرداری
Oct 03, 2015