کابل (آئی این پی) افغان سکیورٹی فورسز کی ملک کے مختلف حصوں میں آپریشن اور بارودی مواد پھٹنے سے 68شدت پسند ہلاک اور 37زخمی ہوگئے ، ادھر صوبہ ہلمند میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 2 بچوں اور 4 خواتین سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے، افغان انٹیلی جنس نے جلال آباد میں داعش کے خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر مختلف صوبوںمیں کلیرنس آپریشن کیے ہیں۔ آپریشن صوبہ ننگرہار، لغمان، غزنی، پکتیا، میدان واردک، لوگر قندھار، ارزگان، ہرات، گوہر، فرح، قندوز، بلغلان، سرائے پل، جائوز جان اور ہلمند میں کیے گئے ان کارروائیوں کے دوران 5افغان فوجی بھی مارے گئے ۔ادھر صوبہ ہلمند میں بارودی مواد نصب کرتے ہوئے دھماکہ ہونے سے 5طالبان ہلاک ہوگے۔ طالبان شدت پسند ضلع نوازاد میں بارودی مواد نصب کررہے تھے مارے جانے والوںمیں 3دھماکہ خیزمواد بنانے کے ماہر تھے جبکہ افغان انٹیلی جنس نے جلال آباد میں داعش کے خودکش حملے کی کوشش کو ناکام بنانے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ جمیل الرحمان نامی خودکش حملہ آور کو شہر کے ایک پرہجوم مقام پر خودکش حملے سے پہلے گرفتار کرلیا گیا۔
افغانستان: آپریشن ، دھماکے،68 شدت پسند،5 فوجی اور ایک ہی خاندان کے7 افراد ہلاک
Oct 03, 2016