بھارت کے اندر بہت جلد ایک نیا پاکستان دیکھ رہا ہوں : سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مودی کی بے وقوفی اور انتہا پسندی سے بھارت بھی روس کی طرح کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہونے والا ہے۔ بھارت کے اندر بہت جلد ایک نیا پاکستان دیکھ رہا ہوں۔ بھارت کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات منقطع کرکے اپنے سفیر کو واپس بلایا جائے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دینا ہے۔ امریکہ نے ہمیشہ ظالم کا ساتھ دیا ہے اس لئے امریکہ سے کوئی توقع لگانا اپنے آپ کو فریب دینے کے مترادف ہے۔ حکمران سچی توبہ کرکے امریکہ سے جان چھڑالیں توکشمیر سمیت تمام مسائل کا حل نکل آئے گا۔ اتوارکو کوئٹہ میںصوبائی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام نے مودی کے خلاف سڑکوں پر نکل کر پاکستان سے محبت اور وفاداری کا ثبوت دیا۔ یہی وہ صوبہ ہے جس کے عوام نے سب سے پہلے پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کیا تھا بلوچستان کے محب وطن عوام اپنے اس فیصلے پر فخر کرتے ہیں۔ جس دن بلوچستان کے وسائل پر وہاں کے عوام کا حق تسلیم کرلیا گیا ہر قسم کی شورش خودبخود دم توڑ جائے گی۔ پاک چائنا اقتصادی راہداری کے منصوبہ پر بلوچستان کے تحفظات کو فوری دور کیا جائے۔ عالمی استعمار اور اسٹیبلشمنٹ کرپٹ حکمرانوں کی سرپرستی کررہی ہے۔ وزیر اعظم ٹی وی چینلز پر کہتے ہیں کہ میں احتساب کیلئے تیار ہوں مگر عدالت میں پیش ہونے کو تیار نہیں۔ احتساب ٹی وی چینلز پر نہیں عدالت میں ہوتا ہے اگر وزیر اعظم واقعی احتساب کیلئے تیار ہیں تو عدالت میں پیش ہو جائیں۔ قومی شناختی کارڈ کے حصول میں لوگوں کی پریشانی دور کی جائے اگر محرم کے بعد بھی عوام کو قومی شناختی کارڈ نہ ملے تو پورے ملک میں نادرا دفاتر کے سامنے دھرنے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں صوبائی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلام آباد کے غلط فیصلوں کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں، پشاور اور کراچی میں دہشت گردی اور بدامنی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، سونے چاندی اورمعدنیات سے مالا مال بلوچستان غربت اور پسماندگی کی تصویر بنا ہوا ہے۔ بلوچ عوام نے ہمیشہ اسلام اور پاکستان سے وفا کی۔ یہ لوگ پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں۔ بلوچستان کے عوام وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقی کے یکساں مواقع چاہتے ہیں‘ جاگیرداروں ، وڈیروں اور نوابوں کا تسلط ختم کرکے عوام کو اقتدار کا موقع دیا جائے تومسائل ختم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد سمیت ملک بھر میں آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔ہم تعلیم، صحت اور انصاف کے دروازے عام آدمی کیلئے کھولنے کی جدوجہد کررہے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک سے مغل شہزادوں کی سیاست کا خاتمہ ضروری ہے۔ ایک چور دوسرے چور کا احتساب نہیں کر سکتا‘ کرپشن پر حکمرانوں کا محاسبہ ہونا چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...