اوڑی حملے اور سرجیکل سٹرائیک کے بعد بارہ مولہ حملے کا نیا بھارتی ڈرامہ بھی بری طرح پٹ گیا۔ فوجی کیمپ پر حملے میں 2 مسلح افراد کی ہلاکت کی خبر جھوٹی نکلی۔ ایس ایس پی بارہ مولہ امتیاز حسین نے بھارتی میڈیا کا جھوٹ بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کیمپ میں نہیں گھس سکے اور تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے بھارتی میڈیا نے فائرنگ کے تبادلے میں دو حملہ آوروں کے مارے جانے کی خبر دی تھی اور حملے میں ایک بھارتی فوجی کے ہلاک اورایک کے زخمی ہونے کی بھی خبر دی تھی ۔اس سے پہلے بھی بھارتی میڈیا اوڑی سیکٹر میں دس مسلح افراد کی ہلاکت کی جھوٹی خبر نشر کرتا رہا جبکہ گجرات میں پاکستان کی کشتی قبضے میں لینے اور بھارتی پنجاب میں پاکستانی غبارے اور کبوتر پکڑنے کا بھی دعویٰ کیا۔دوسری طرف بھارتی دفاعی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ بارہمولہ میں فوجی کیمپ پر حملے سے پاکستان نے سرجیکل سٹرائیکس کا بدلہ لیا۔ سابق بھارتی بریگیڈیئر (ر) بی ڈی مشرا نے بھارتی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف اور جہادی تنظیموں کے سربراہوں نے سرجیکل سٹرائیک کے بعد کئی مرتبہ بھارت کے خلاف دھمکی آمیز بیان دیئے اور بدلے کی بات کی ہے، راشٹریہ رائفل کے فوجی ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی انہیں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے اس طرح کے مزید حملوں کے خدشات موجود ہیں۔