عمران کی اچھل کود غیر سنجیدہ، اپوزیشن کو کمزور حکومت کو واک اوور دیا: زرداری

Oct 03, 2017

اسلام آباد(صباح نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ہے بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ عالمی برداری کو نوٹس لینا چاہیے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل حقِ خود ارادیت ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ نواز لیگ کی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر سرد مہری کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا نواز لیگ کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک پر دن بدن قرضے بڑھ رہے ہیں لیکن عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا ہے۔ عمران خان کی اچھل کود کی غیر سنجیدہ سیاست نے اپوزیشن کے کردار کو کمزور اور مسلم لیگ ن کی حکومت کو واک اوور دیا ہے، اپوزیشن لیڈر شپ خورشید شاہ کے پاس ہی رہے گی۔ تبدیلی کے خوا ہشمند اپنا شوق پورا کر لیں۔ یہ وقت اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا نہیں بلکہ الیکشن ریفارمز اور انتخابات کی تیاری کا ہے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے ارکان بھی اس تبدیلی کے حق میں نہیں۔ ہمیں باقی اپوزیشن جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ خورشید شاہ نے باوقار اور بھرپور اپوزیشن کی ہے۔ سابق صدر نے کہا ہے کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے روا رکھے جانے والے مظالم کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو دبانے کیلئے بھارتی حکومت نے تشدد کے تمام تر ہتھکنڈوں کو آزمانے کے بعد دنیا کے خطرناک ترین ہتھیاروں کا استعمال کرنا شروع کردیا ہے جوکہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
زرداری

مزیدخبریں