لاہور(سپورٹس رپورٹر) اگلے سال آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں منعقد ہونے والی کامن ویلتھ گیمز کی کوئینز بیٹن ریلے پاکستان کے چار روزہ دورہ مکمل کر کے دبئی کے راستے بھارت روانہ ہو گئی۔ کوئینز بیٹن کی پاکستان آمد کے حوالے سے خصوصی تقریب گذشتہ روز حضوری باغ شاہی قلعہ اور ڈی ایچ اے سٹی سکول میں منعقد ہوئیں۔ جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور سٹی سکول میں گورنر پنجاب تھے جبکہ اس تقریب میں آسٹریلوی ہائی کمشن کی ہائی کمشنر ، کوئنز بیٹن ریلے کے ساتھ آنے والے چار رکنی آسٹریلوی وفد کے علاوہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے والے میڈل ہولڈرز کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ حضوری باغ میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے کوئینز بیٹن کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ 1970ء میں منعقد ہونے والی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے ویٹ لیفٹنگ میں میڈل جیتنے والے 77 سالہ عبدالغفور جنہوں نے کوئینز بیٹن ریلے کو سب سے پہلے اٹھایا کے علاوہ 2010ء کی کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی ریسلر انعام بٹ اور کامن ویلتھ ریٹ لیفٹنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان کے نوجوان ویٹ لیفٹر محمد نوح بٹ اور طلحہ کو بھی متعارف کرایا گیا۔ پاکستان کے سکواش لیجنڈ جہانگیر خان، ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین، سابق سیکرٹری پی ایچ ایف کرنل مدثر اصغر، اولمپیئن ایم عثمان سمیت بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پی او اے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشن کی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا کہ تقریب کو دیکھ کو بہت خوشی ہوئی امید کرتی ہوں کہ پاکستان کھیلوں میں بھی بھرپور شرکت کرئے گا اور اچھی پوزیشن حاصل کرکے سابقہ ریکارڈ کو بہتر بنائے گا۔