کامن ویلتھ گیمز کوئینز بیٹن ریلے دبئی کے راستے بھارت روانہ

Oct 03, 2017

لاہور(سپورٹس رپورٹر) اگلے سال آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں منعقد ہونے والی کامن ویلتھ گیمز کی کوئینز بیٹن ریلے پاکستان کے چار روزہ دورہ مکمل کر کے دبئی کے راستے بھارت روانہ ہو گئی۔ کوئینز بیٹن کی پاکستان آمد کے حوالے سے خصوصی تقریب گذشتہ روز حضوری باغ شاہی قلعہ اور ڈی ایچ اے سٹی سکول میں منعقد ہوئیں۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ اور سٹی سکول میں گورنر پنجاب تھے جبکہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے والے میڈل ہولڈرز کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے ویٹ لیفٹنگ میں میڈل جیتنے والے 77 سالہ عبدالغفور جنہوں نے کوئینز بیٹن ریلے کو سب سے پہلے اٹھایا کے علاوہ 2010ءکی کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی ریسلر انعام بٹ اور کامن ویلتھ ریٹ لیفٹنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان کے نوجوان ویٹ لیفٹر محمد نوح بٹ اور طلحہ کو بھی متعارف کرایا گیا۔پاکستان کے سکواش لیجنڈ جہانگیر خان، ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین، سابق سیکرٹری پی ایچ ایف کرنل مدثر اصغر، اولمپیئن ایم عثمان سمیت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے آفیشلز اور سٹی سکول کے بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پی او اے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ اس مقوع پر آسٹریلوی ہائی کمشن کی ڈپٹی ہائی کمشنر نے کوئینز بیٹن ریلے کے متعلق بتایا کہ تقریباً 3000 کلو میٹر کا سفر طے کر کے ریلے واپس گولڈ کوسٹ پہنچے گی۔ پاکستان میں اس کی آمد کے حوالے سے منعقد تقریب کو دیکھ کو بہت خوشی ہوئی امید کرتی ہوں کہ پاکستان کھیلوں میں بھی بھرپور شرکت کرئے گا اور اچھی پوزیشن حاصل کرکے سابقہ ریکارڈ کو بہتر بنائے گا۔ آخر میں تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کھیلوں کی اہمیت اور حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ کہ میگا ایونٹ کے حوالے سے پاکستان میں کوئینز بیٹن ریلے کا استقبال کر رہے ہیں۔ 

مزیدخبریں