اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینٹ میں اپوزیشن ارکان نے ریکوڈک سے متعلق نئے معاہدوں پر اعتماد میں نہ لینے پر پارلیمنٹ کے گیٹ پر احتجاج کیا۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا حکومت 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے طرف جارہی ہے۔ گوادر آئل سٹی پر براہ راست معاہدہ ہورہا ہے۔ سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا معدنیات اور گوادر پر معاہدہ بلوچستان اور خیبر پی کے اسمبلی کرسکتی ہے۔ سینٹ میں قائد ایون سینیٹر شبلی فراز فوراً اپوزیشن کو منانے پہنچ گئے اور یقین دہانی کرائی ایوان کو تسلی بخش جواب دیا جائے گا اگر مطمئن نہ ہوسکے تو میں بھی اپوزیشن کے ساتھ شامل ہوجائوں گا۔ اپوزیشن نے یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا۔ آئی این پی کے مطابق رضا ربانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیر خزانہ نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گوادرآئل سٹی اور ریکوڈک کے حوالے سے مذاکرات پراپوزیشن کے سوالات کے تسلی بخش جوابات نہ دیے تو ہم پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے۔ قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ تمام فریقین کو گوادر کے حوالے سے تسلی بخش جواب ہائوس کے اندر دینگے اور سینیٹرز کے گوادر کے حوالے سے تحفظات کا جواب حکومت دے گی۔گوادر کے حوالے سے معاملات پر ہم ان کو اعتماد میں لیں گے اور تمام خدشات کو دور کیا جائے گا۔