قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن انجام تک پہنچائیں گے، مگرمچھوں کونہیں چھوڑیں گے :عثمان بزدار

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کر دیا ہے اور ملک کو درست سمت پر ڈال کر نئے پاکستان کی تعمیر کی بنیاد رکھ دی ہے۔ نئے پاکستان کی تعمیر ایک کٹھن اور مشکل مرحلہ ہے جس میں کامیابی کا واحد راستہ خلوص نیت سے عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ نیا پاکستان ہم سب نے مل کر بنانا ہے اور ایسے اقدمات کئے جا رہے ہیں جس سے عوام کو تبدیلی نظر بھی آئے گی۔ عوام کی خدمت کے سوا ہماری کوئی اور دوسری ترجیح نہیں ہے، تندہی اور لگن کے ساتھ کام، کام اور صرف کام کرنا ہو گا تاکہ عوام کو ریلیف اور سہولیات میسر آ سکیں۔ وہ راولپنڈی اور اور سرگودھا ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے جس میں سینٹ الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر شہزاد وسیم کو کامیاب کرانے کیلئے حکمت عملی، فلاح عامہ کے کاموں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔ عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ مسائل ضرور ہیں اور ان کی بنیادیں اور جڑیں کافی گہری ہیں مگر عوامی بہبود کا تحریک انصاف کا عزم مستحکم اور قوی ہے۔ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جو حقیقی انداز میں عوام کے مسائل کے حل میں مدد گار ہوگا اور اپنے مسائل کے حل کیلئے عوام کو اہل اقتدار کے ایوانوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ مختصر وقت میں ایسے اقدامات کئے گئے ہیں جو پہلے کبھی ملکی تاریخ میں نہیں ہوئے۔ اقتدار کے ایوانوں میں سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دیا جا رہا ہے، وزیراعظم عمران نے تبدیلی کا عمل اپنی ذات سے شروع کیا ہے۔ ہم سب عوام کو جواب دہ ہیں۔ بلدیاتی نظام کے علاوہ پولیس کا کلچر بھی بدلا جا رہاہے، پولیس کو سیاسی اثرات سے نکالا جائے گا۔ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور بڑے مگرمچھوں کو نہیں چھوڑیں گے اور اس آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ آپریشن بغیر کسی دبائو کے جاری رکھا جائے۔ کرپشن ملک کا ناسور ہے ، کرپشن کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کیساتھ ہونیوالی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے اوریہی وجہ ہے کہ ہماری توجہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مرکوز ہے۔ عثمان بزدار نے تاندلیانوالہ میں زیادتی کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کی سی پی او فیصل آبادرسے پورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر دی نیشن