تھرکول پاورپلانٹ کی تعمیر کا 90 فیصد کام مکمل، دسمبر میں پیداوار شروع ہو جائیگی

اسلام آباد (اے پی پی) تھر میں زیرتعمیر کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹ کی تعمیر کا 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جس سے 660 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔ پاور پلانٹ سے بجلی کی پیداوار دسمبر 2018ء میں شروع ہو جائے گی۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے تحت تھر میں مقامی کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کی تعمیر اینگرو پاور تھر لمیٹڈ (ای پی ٹی ایل) اور سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (ایس ای سی ایم سی) کے باہمی اشتراک سے کی جا رہی ہے جو نجی شعبے کی جانب سے سی پیک کے تحت کی جانے والی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ اینگرو انرجی لمیٹڈ کے ڈائریکٹر مائننگ اینڈ آپریشن سیّد مرتضیٰ اظہر رضوی نے کہا ہے کہ پلانٹ کی تعمیر کا 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے اور منصوبے کے مطابق مقررہ ہدف سے پانچ ماہ قبل تعمیر مکمل کی جا رہی ہے۔یکم اگست 2018ء کو ای پی ٹی ایل نے پاور پلانٹ کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرکے ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا تھا جبکہ دوسرا سنگ میل دسمبر 2018ء میں عبور کیا جائے گا جب پاور پلانٹ سے بجلی کی باقاعدہ پیداوار شروع ہو جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن