لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں نیشنل بینک نے پہلی فتح کا مزا چکھ لیا، سخت مقابلے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک صفر سے شکست دیدی، فیصلہ کن گول مقبول نے کیا، نیوی اور سوئی ناردن گیس کمپنی کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔تفصیلات کے مطابق ملتان کے قاسم باغ سٹیڈیم میں جاری ایونٹ میں این بی پی نے ابتدا میں ہی چند اچھی مووز بنائیں، مقبول نے ایک عمدہ پاس کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلادی،سول ایوی ایشن اتھارٹی ٹیم نے حریف کے دفاع میں دراڑ ڈالنے کی بھرپور کوشش کی لیکن گول کرنے میں کامیابی حاصل نہ ہوئی۔دوسرے ہاف میں بھی این بی پی کے ڈیفنڈرز ثابت قدم رہے۔ یاد رہے کہ بینک ٹیم کی یہ ایونٹ میں پہلی فتح ہے۔ایک اور میچ میں سوئی ناردرن گیس ٹیم نے نیوی کیخلاف اچھا آغاز کیا لیکن حریف ڈیفینڈرز نے حملے ناکام بنادیئے، کھیل کے 40ویں منٹ میں سدا بہار نے ایک عمدہ کراس پر ملنے والے پاس کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے سوئی ناردرن گیس ٹیم کو برتری دلادی۔دوسرے ہاف میں نیوی ٹیم نے خسارہ ختم کرنے کیلئے جان لڑائی اور کئی حملے کئے، بالآخر کھیل کے 53ویں منٹ میں پنالٹی حاصل ہوئی،محمد امین نے ریبانڈ پر گول داغ کر مقابلہ 1-1 برابر کردیا۔اس کے بعد دونوں ٹیموں کو چند مواقع ملے لیکن کوئی گول نہ کیا جاسکا۔