لاہور(نیوزرپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے پنجاب حکومت کی ہدایت پر لاہور جنرل ہسپتال سے 20ڈاکٹرز پر مشتمل دوسرا گروپ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے بدھ کے روز راولپنڈی روانہ کر دیا۔اْن کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر بھیجے گئے یہ ڈاکٹرز راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو رپورٹ کریں گے اور وہاں ڈینگی میں مبتلا مریضوں کیلئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی میں مبتلا مریضوں کیلئے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور ایل جی ایچ خدمات کے اس عمل میں پیش پیش ہے۔ پروفیسر محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ راولپنڈی ڈینگی کی زد میں ہونے کے باعث ہم سب کی خصوصی توجہ کا مستحق ہے،اسی لیے جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز اور نرسز وہاں دن رات مصروف عمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جلد راولپنڈی میں بھی صورتحال معمول کے مطابق ہو جائے گی اور مشکل کی اس گھڑی میں ڈاکٹرز اور نرسز ہمہ وقت اپنی پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دیتے رہیں گے۔
جنرل ہسپتال سے 20ڈاکٹروں کا دوسرا گروپ راولپنڈی روانہ
Oct 03, 2019