لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا، کراچی میں موجود ایک روزہ سکواڈ میں صرف 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سکواڈ میں شامل امام الحق ، محمد رضوان اور عابد علی کی جگہ احمد شہزاد ، عمر اکمل اور فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے۔قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، احمد شہزاد، بابراعظم، حارث سہیل ، آصف علی، فہیم اشرف، افتخار احمد، عماد وسیم، عمر اکمل ، شاداب خان ، محمد نواز ، محمد عامر ، وہاب ریاض عثمان شنواری اور محمد حسنین شامل ہیں۔چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ون ڈے میچ میں ان فٹ ہونے کی وجہ سے امام الحق منتخب نہیں کئے گئے۔واضح رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق احمد شہزاد اور عمر اکمل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کے لیے خصوصی پلان دیا گیا تھا، اس پلان کے جائزے کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ پانچ، دوسراسات اورتیسرا نو اکتوبر کوقذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سری لنکن ٹیم کل لاہور پہنچے گی ۔ پاکستان سری لنکا ٹونٹی 20سیریز کیلئے کڑا سکیورٹی حصار قائم کرکے ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس کے علاقے کو گزشتہ روزسے عوامی سرگرمیوں کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق نشتر سپورٹس کمپلیکس کے علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیاگیا۔قذافی سٹیڈیم کے تین اطراف میں دکانیں، شادی ہالزاور ریسٹورنٹس موجود ہیں10 اکتوبر تک مکمل طور پر بندرہیں گے۔ سٹیڈیم کے ارد گرد کی شاہراہوں کی صفائی ستھرائی کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے۔ سیریز کے دوران کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو ڈینگی سے بچانے کیلئے سپرے بھی ہوچکا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مجموعی طور پر 12ہزار پولیس اہلکاروں کی خدمات لی جائیں گی، پاک آرمی اور رینجرز کے چاک وچوبند دستے الگ ہوں گے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں موجود سکیورٹی اینڈ ویجلینس سیل کے اہلکار درجنوں خفیہ کیمروں کی مدد سے ہر آنے جانے پر کڑی نظر رکھیں گے۔قذافی سٹیڈیم میں پچزکی تیاری کا کام بھی مکمل ہوچکا ہے،مقابلوں کے دوران شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنے کیلئے پی سی بی کی طرف سے سپورٹنگ پچز تیار کی گئی ہیں ۔سٹیڈیم میں رنگ وروغن کا کام مکمل ہو چکا جبکہ خفیہ کیمروں کو بھی چیک کر لیا گیا ہے۔
سری لنکا کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز، 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان
Oct 03, 2019