اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے بھائی کو جائیداد میں بہنوں کا حصہ دینے کا حکم دے دیا۔ پشاور کے شہری عبدالغفور کو دو ہفتے میں زمین کے انتقال کے دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت، جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں بینچ نے کیس کی سماعت کا آغاز کیا تو جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہاکہ سپریم کورٹ میں فریقین میں جائیداد کی تقسیم پر اتفاق ہوا تھا، پہلے سپریم کورٹ کے پرانے حکم پر عمل کریں پھر کوئی نئی درخواست سنیں گے، درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ عدالتی حکم پر زمین کا کرایہ بہنوں کو ادا کر دیا، سپریم کورٹ نے 12 سال کا سود بھی اداکرنے کا حکم دیا تھا لیکن سود اللہ رسول کیساتھ جنگ ہے اس لیے ادا نہیں کر سکتے۔ جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ بہن کا حق مارتے ہوئے آپکو شریعت کیوں نہیں یاد آتی؟ سود نہیں دینا تو بہن کو رقم کی ادائیگی سونے کی قیمت کے مطابق کر دیں، شریعت پر عمل کرنا ہے تو مکمل کریں، اپنی مرضی کے مطابق نہیں، جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہاکہ تین سال سے بہنوں کو 100 کنال زمین دینے کے فیصلے پر عمل نہیں ہوا، اس پر وکیل نے کہاکہ بنک ریٹ کے مطابق سود کی رقم دینے کو تیار ہیں، جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ آپ چاہتے ہیں سود آپ دیں اور عذاب ہم بھگتیں، عدالت نے دونوں بہنوں کو حصہ دینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔