وزیر داخلہ سے ملاقات، مسئلہ کشمیر کی سنگینی سمجھتے ہیں، دنیا توجہ دے: برطانوی وفد

Oct 03, 2019

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے برطانوی وفد نے سیکرٹری ہوم آفس فلپ اتنام کی سربراہی میں ملاقات کی۔ برطانوی وفد نے کہا کہ اعجاز شاہ کے وزارت میں آنے سے سکیورٹی اقدامات میں بہتری آئی ہے۔ اسلام آباد کو فیملی سٹیشن ہونے کا سٹیٹس واپس مل گیا ہے۔ برطانوی شہریوں کا رجحان پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کشمیر کی صورتحال کو خاص طور پر اجاگر کیا۔ پاکستانی وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانیوں کیلئے ویزا کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ حق خود ارادیت مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی انسانی اور قانونی حق ہے۔ برطانوی وفد نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف آواز اٹھائی۔ وزیراعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی میں خطاب کو سراہتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بہیمانہ جارحیت کا بھارت سے جواب طلب کیا جانا چاہئے۔ برطانوی وفد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کو سمجھتے ہیں، چاہتے ہیں دنیا کشمیر کے معاملے پر توجہ دے۔ برطانوی وفد نے پاکستانیوں کیلئے ویزا سہولیات بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

مزیدخبریں