سپریم کورٹ نے والدین کی طلاق کے بعد بچے کے سکول میں داخلے کا مقدمہ نمٹادیا

Oct 03, 2019

اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے والدین کی طلاق کے بعد بچے کے سکول میں داخلے کا مقدمہ نمٹاتے ہوئے کہا کہ ہے کہ فریقین موقف میں لچک دکھا کر بچے کے بہترین مستقبل کا فیصلہ کریں ، جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ، عدالت نے بچے کو نجی سکول میں داخل کرانے کیلئے والد کی جانب سے دائرکی گئی درخواست خارج کردی ، کیس کی سماعت کا آغاز ہوا تو والد کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے بچہ بہترین سکول میں پڑھے تاکہ مستقبل اچھا ہو، جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ ہم بھی ٹاٹ اور ٹرسٹ سکولوں سے پڑھ کر جج بنے ہیں، بات سکول کی نہیں مقدر کی ہوتی ہے،جسٹس قاضی فائز عیسی کا کہنا تھاکہ کیا اب سپریم کورٹ فیصلہ کریگی بچے کہاں داخل کرانے ہیں؟ گھریلو تنازعات عدالتوں میں کیوں آتے ہیں؟جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ میاں بیوی کے تنازع عدالتوں میں کبھی حل نہیں ہوتے، ،ڈی پی ایس فیصل آباد اچھا تعلیمی ادارہ ہے، جسٹس قاضی فائز عیسی کاکہنا تھاکہ سرکاری سکولوں کو کیسے کہہ دیں کہ تعلیم کے قابل نہیں، عدالت نے قرادیاکہ فریقین لچک دکھا کر بچے کے بہترین مستقبل کا فیصلہ کریں۔

مزیدخبریں