اوکاڑہ+ شیر گڑھ (نامہ نگاران) مونجی کی باقیات جلاتے 2 معصوم بچے بھی جل کر جاں بحق ہو گئے۔ علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نذیر ولد منظور قوم جھجھ سکنہ امان والا کی زرعی اراضی پر دھان کی فصل کی باقیات کو جلانے کیلئے اسکا کزن محمد امین گیا اور مونجی کی باقیات کو آگ لگا دی۔ آگ کے شعلے آناً فاناً آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ پاس کھیلتے ہوئے 5 سالہ محمد احمد ولد سجاد اور 9 سالہ بچہ علی حسنین ولد نذیر بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے اور آگ میں جل کر خاکستر ہو گئے۔ ایک بچہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا ہسپتال لیجاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ ایک ہی گھر کے2 بچے فوت ہونے پر علاقہ بھر میں کہرام مچ گیا۔