اسلام آباد/ کراچی/ رحیم یار خان/ مظفر آباد ( وقائع نگارخصوصی+ نمائندہ خصوصی+ کرائم رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+شنہوا) پاکستان میں بھی کرونا کے پھیلاؤ میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے۔ 2 اکتوبر تک مزید 546 افراد میں کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کی تصدیق ہوئی اور 9 مریض انتقال کر گئے جبکہ 558 افراد صحتیاب ہوگئے۔ آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں بلوچستان کے گزشتہ روز کے 21 کیس بھی شامل ہیں۔ مجموعی طور پر ملک میں 3 لاکھ 13 ہزار 747 افراد وائرس سے متاثر، 2 لاکھ 98 ہزار 55 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 504 انتقال کر چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں کرونا کے 316 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 783 ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ وائرس سے مزید 5 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 2517 ہوگئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں کرونا سے مزید 126 افراد متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مریض انتقال کر گئے۔ پنجاب میں وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 237 ہوگئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مزید 39 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ مرنے والوں کی تعداد 182 ہے۔ گلگت بلتستان میں مزید 21 افراد وائرس کا شکار بنے، جبکہ اموات کی تعداد 88 ہے۔آزاد کشمیر میں مزید 22 افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔جبکہ اب تک 75 مریض انتقال کرچکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 558 افراد شفایاب، مجموعی طور پر یہ تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 55 ہوگئی۔فعال کیسز 8877 ہو گئے۔ رحیم یار خان میں کرونا وائرس کا شکار سب انسپکٹر دم توڑ گیا جبکہ ایک اور شہری میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ متاثرین کی تعداد 1221 تک پہنچ گئی جبکہ ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 68 ہو گئی۔ سابق چیئرمین سینٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے۔ رہنما پیپلز پارٹی نے اپنا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے ۔ بخار ہونے پر انہوں نے اپنا کرونا ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ میں ان کے وائرس سے متاثر ہونے کی تشخیص ہو گئی۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیئر بخاری کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کراچی میں 57 شادی ہالز اور 103 ریسٹورنٹس بند کر دیئے گئے 12 سکولوں کو وارننگ اور 4 کو سیل کر دیا گیا ہے۔ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے میں سکولز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور خدانخواستہ اگر کیسز بڑھے تو صرف سکول ہی نہیں بہت ساری چیزیں بند کرنا پڑیں گی ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہیں این سی او سی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور تمام صوبے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں شادی ہال اور ریسٹورنٹس کے کرونا مرکز بننے کا خدشہ ہے صوبے صحت عامہ کی حفاظت کیلئے قانون شکنوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پی ایم اے نے ملک میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو وباء کی دوسری لہر قرار دے دیا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے اعلامیہ کے مطابق ملک کرونا کی دوسری لہر کے خطرے سے دو چار ہے دوسری لہر سے متاثر ہونے والے ممالک میں کرونا کی وبا زیادہ خطرناک ثابت ہوئی ہے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے کرونا کے کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ اور خاص طور پر کراچی میں کیسز میں اضافہ ایس او پیز سے دوری کی وجہ سے پرائمری اور پری پرائمری کلاسز میں بچوں کو خاصی احتیاط کی ضرورت ہے پی ایم اے نے کہا کہ ملک سے کرونا ابھی ختم نہیں ہوا ہے عوام سے گزارش ہے کہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں ۔ کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد شہر کے مختلف مقامات پر مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ضلع کورنگی ضلع شرقی کے مختلف مقامات کو لاک ڈاؤن کیا گیا ڈپٹی کمشنر نے حکمنامہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 15 اکتوبر تک کورنگی کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن ہو گا کورنگی نمبر 2 الفلاح سوسائٹی شادمان ٹاور ملیر درخشاں سوسائٹی ملیر میں بھی لاک ڈائون کا نفاذ ہو گا لاک ڈاؤن والے علاقوں میں 9 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے لاک ڈاؤن والے علاقوں میں نقل و حرکت پر اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولی رہیں گئی ضلع شرقی کے بھی 5 مقامات پر 17 اکتوبر تک لاک ڈائون نافذ کورنگی اور ضلع شرقی میں لاک ڈاؤن کا اطلاق آج ہو گا۔ مزید برآں شہر قاد میں پہلا نجی بینک کرونا کیسز آنے کے بعد سیل کر دیا گیا ادھر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 12 تعلیمی اداروں کو وارننگ جاری کی گئی ہے ضلع غربی میں ایک دکان پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے شہر میں مجموعی طور پر سات شادی ہالز سیل کئے گئے چوبیس گھنٹوں کے دوران 61 ریسٹورنٹس سیل کئے جا چکے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر کے ذریعے کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی اہلیہ میلانیا کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور وہ دونوں جلدہی صحت یاب ہونگے۔ وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کا شکار ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میانیا ٹرمپ کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔جبکہ دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 3کروڑ 44لاکھ 79ہزار 555تک پہنچ گئی ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کرونا سے متاثر2کروڑ 56لاکھ 67ہزار128افراد صحتیاب ہوئے اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 77لاکھ 84ہزار 720ہے۔ امریکہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ 12 ہزار660افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور 74لاکھ94 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔بھارت کرونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں کیسز کی مجموعی تعداد 63لاکھ 91ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ بھارت میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد 99ہزار 804ہو گئی ۔بھارت میں ڈاکٹروں کی ایک تنظیم انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ ملک بھر میں 500 سے زائد ڈاکٹر نوول کرونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ آئی ایم اے نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ آئی ایم اے نوول کرونا وائرس کی عالمی وبا کیخلاف جنگ میں 515 بھارتی ڈاکٹروں کی قربانیوں کو قوم کی نذر کرتی ہے۔ ہم شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم ان تمام نرسوں اور صحت کی دیکھ بھال کرنیوالے کارکنان کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔