اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کولگام ضلع میں حریت پسندوں نے بھارتی سکیورٹی فورسز پر گرنیڈ سے حملہ کر دیا۔ مقبوضہ کشمیر کی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرنیڈ حملہ بھارتی فوج کے ایک دستے پر کیا گیا۔ ادھر بھارتی سیکورٹی فورس کے ایک سب انسپکٹر نے جو جموں میں متعین تھا، خود کشی کر لی ہے۔ جموں و کشمیر کے انگریزی روزنامہ کشمیر ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سب انسپکٹر چکریانی پرساد تیواڑی جموں کے علاقے میں ڈیوٹی پر تھا نے اپنی رائفل سے سر میں گولی مار کر خود کشی کر لی۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں متعین بھارتی فونج اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں میں خود کشی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضہ کو طول دینے اورکشمیریوںکی اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کو کمزور کرنے کیلئے ہر ظالمانہ ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ مودی کی فسطائی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو محکوم رکھنے کیلئے ظلم و تشدد کا ہر ہتھکنڈہ آزما رہی ہے۔ جموں وکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے درپے ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیلئے خطرناک مقام بن گیا ہے۔ نریندرمودی کی پالیسیوں کا مقصد لاکھوں مسلمانوں کو شہریت سے محروم کرنا ہے۔ ادھر کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 30برس کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 95ہزار سے زائد نہتے کشمیریوں کے قتل اور پورے بھارت میںآر ایس ایس کے غنڈوں کی طرف سے اقلیتوں پر مظالم نے عدم تشدد کے گاندھی کے نظریہ کی حقیقت کوبے نقاب کر دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوںاور دیگر اقلیتوںکو کئی دہائیوں سے منظم امتیازی سلوک ، تعصب اور تشدد کا سامنا ہے ۔ سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے بارہمولہ قصبے میں خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تنازعہ کشمیر کو جلد ہی حل کرلیا جائے گا۔حریت رہنماء جاوید احمد میر نے سرینگر کے علاقے حضرت بل میں ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوںکو بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ کارگل کے مسلم اکثریتی خطے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے۔ دریںاثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے بھارت مخالف مظاہرہ کیا جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانا تھا۔ جینوا میں ایک پریس کانفرنس کے مقررین نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں جاری انسانی بحران کی طرف فوری توجہ دے۔ پریس کانفرنس کا انعقاد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 45ویں اجلاس کے موقع پر کیا گیاتھااور اس سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے خطاب کیاجبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سابق صدر مسٹر مورگن اورکشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔