اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔ اس کے نتیجے میں فرنٹیئر کور کے 4جوان اور لیویز کا ایک سب انسپکٹر شہید ہو گئے، شہداء میں حوالدار زاہد، ساکن چارسدہ ، عمر 35 سال ، لانس نائیک ولی ، ساکن خیبر ، عمر 28 سال ، لانس نائیک عبدالمجید ، ساکن کرم ، عمر 28 سال ، سب انسپکٹر جاوید ، سکنہ وام ، عمر 38 سال حوالدار اسحاق شامل ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے آپریشن جاری ہے۔ ادھر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے اور کہا کہ جوانوں کی شہادت افسوسناک ‘ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔