پی پی سمجھدار سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھ گئی،ن لیگ لتر کھا کر ایسا کریگی،شیخ رشید

 کراچی(این این آئی، نوائے وقت رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ اسی ہفتے چیئرمین نیب کے تقرر کا فیصلہ ہوجائے گا، عمران خان کو مہنگائی کی فکر ہے۔ اپوزیشن عقل کی اندھی اورکنویں کی مینڈک ہے۔ پیپلزپارٹی سمجھدار ہو گئی ہے سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھی ہوئی ہے،مسلم لیگ ن ٰلتر کھا کر ایسا کرے گی، دنیا ہم سے بات کر رہی ہے،طالبان سے بات کی ابتدا ہوگئی ہے، جو ہتھیار پھینک دے اس سے لڑنا جائز نہیں،ہمیں معلوم ہے کہ کون گڈ ہے اور کون بیڈ ہے،اے پی ایس کے بچوں کے قاتلوں کا کیس الگ ہے،دہشت گردوں کو مکمل طور پر ختم کریں گے، کشمیر کے مسئلے پر بھی بات کرنے کے لئے تیار ہیں، ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ڈالر کی ذخیرہ اندوزی پر کارروائی کریں۔ ہفتہ کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہاکہ عالمی منظر نامہ بدلنے جا رہا ہے، مستقبل کی سیاست گہرے پانیوں کی ہے، دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں بائی پاس نہیں کرسکتی۔ امریکی صدر جو بائیڈن کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ کوئی ہمارے ملک آئے تو بسم اللہ، نہ آئے تو السلام علیکم، افغان صورت حال پر امریکی صدر کو نشانہ بنانا ناانصافی ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کے حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ اعلی سطح پر بات ہورہی ہے، ہم ایسی پوزیشن پر بیٹھے ہوئے ہیں کہ دنیا ہم سے بات کر رہی ہے۔ ہماری منصوبہ بندی دو چار سال کی نہیں 20 سال کی ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا ہمارے پڑوس میں 42 ممالک کی فوج اور  ایجنسیاں لگی ہوئی تھیں انہیں حالات کا پتہ ہی نہیں چلا، عالمی منظر نامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کو کسی قیمت پر  واپس نہیں آنے دیں گے، دہشتگردی کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار  ہے، ہم پاکستان کے دشمنوں سے کونے کونے میں نمٹیں گے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا غریب کو کھانے پینے کی اشیا اور سستی دواؤں کی فراہمی ہماری قومی ذمہ داری ہے اور عمران خان کو معلوم ہے کہ آٹا، دال اور چینی کی قیمتیں زیادہ ہیں، لوگوں نے اگلا الیکشن عمران خان کی قیادت میں لڑنا ہے اور اگلے الیکشن میں بھی ہم کامیاب ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن