تائی پے (این این آئی)تائیوان نے کہا ہے کہ 38 چینی فوجی طیاروں نے اس کی دفاعی زون میں پروازیں کی ہیں، جو چین کی طرف سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت دفاع نے کہا کہ یہ طیارے، جن میں ایٹمی صلاحیت رکھنے والے بمبار طیارے بھی شامل تھے، دو مرحلوں میں تائیوان کی فضائی دفاعی شناختی زون میں داخل ہوئے۔تائیوان نے اپنے جیٹ طیاروں اور میزائل سسٹم کے ساتھ اپنا دفاع کیا۔تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے)کے 25 طیارے دن کے اوقات میں اے ڈی آئی زیڈ کے جنوب مغربی حصے میں داخل ہوئے۔اس کے بعد شام کو پی ایل اے کے مزید 13 جہاز اسی حدود میں داخل ہوئے، جنھوں نے تائیوان اور فلپائن کے درمیان پانی پر پرواز کی۔وزارت دفاع نے کہا کہ چینی طیاروں میں چار H-6 بمبار بھی شامل تھے، جو ایٹمی ہتھیار کی نقل و حمل کرتے ہیں جبکہ ان کے ساتھ ہی ایک اینٹی سب میرین طیارہ بھی تھا۔تائیوان کے وزیر اعظم سو سینگ چانگ نے ہفتے کے روز بتایا کہ چین فوجی جارحیت میں علاقائی امن کو نقصان پہنچا رہا ہے۔چین کی جانب سے اس بارے میں ابھی کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا لیکن وہ اس سے پہلے تائیوان اور امریکہ کے درمیان ملی بھگت کو نشانہ بناتے ہوئے یہ کہہ چکا ہے کہ ایسی پروازیں اس کی خودمختاری کی حفاظت کے لیے ہیں۔
چین کے 38 جنگی طیاروں کی تائیوان کے دفاعی زون میں پروازیں
Oct 03, 2021