لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پڑولیم مصنوعات کے نرخوں میں تاریخی ہوشر با اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مہنگائی کا طوفان بر پا کررکھا ہے۔ قیمتوں میں پندرہ روز میں دوسری بار اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول ملکی تاریخ کے بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ تبدیلی سرکار عوام کی خوشیاں کھا گئی ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 127، ڈیزل 122جبکہ ایل پی جی کی قیمت 29روپے اضافے کے بعد 203روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ بجلی کی قیمت میں بھی ایک مرتبہ پھر 1.95روپے فی یونٹ اضافے کی خبریں مل رہی ہیں عمران خان نا اہل اور انکی ساری ٹیم نا اہلوں کا ٹولہ ہے۔ ماہرین معیشت کی جانب سے ڈالر کی قیمت 2022تک 180روپے سے تجاوز کرنے کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جب سے بر سر اقتدا ر آئی ہے۔ مہنگائی کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے۔
حکومت نے مہنگائی کا طوفان بر پا کررکھا ہے، جاوید قصوری
Oct 03, 2021