کراچی (نیوز رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن و وفاقی وزیر سید امین الحق نے معروف فنکار مرحوم عمر شریف کے گھر جاکر ا نکے اہل خانہ سے تعزیت کی بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی اور اسٹیج کے عظیم فنکار اب ہمارے درمیان نہیں رہے عمر شریف برصغیر پاک و ہند کے ورسٹائل اداکار تھے انکے انتقال پر پوری قوم سوگوار ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے آج ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اور اپنی تنظیمی سرگرمیاں معطل کی ہیں۔ امین الحق نے کہا کہ جب وہ علاج کے لئے باہر گئے تو ہمیں امید تھی کی وہ صحتیاب ہوکر آئیں گے مگر یہ افسوسناک اطلاع ملی کہ وہ اس دنیا فانی سے کوچ کر گئے ہم انکی مغفرت کے لئے دعا گو ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کا ایک ایک کارکن انکے اہل خانہ کے ساتھ کھڑا ہے، بطور وفاقی وزیر انکے اہل خانہ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہر مشکل وقت میں انکے ساتھ ہیںاورہماری کوشش ہے کہ عمر شریف کے جسد خاکی کو اگلے 48 گھنٹے میں واپس لایا جائے۔ حکومت پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ ریاستی سطح پر انکی نماز جنازہ کا اہتمام کیا جائے مرحوم کی خواہش تھی کہ انکی عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں تدفین کی جائے۔