کراچی (نیوز رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں سنہ 1971ء میں مشرقی پاکستان سے ہجرت کرنے والے متاثرین کے وفد کی آمد اور کنوینر ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی سے ملاقات کی۔ متاثرین مشرقی پاکستان کے وفد میں سیف الرحمن، میجر عامر، حسین الدین، عبدالضمیر، شائستہ اور تہمینہ بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران مشرقی پاکستان سے ہجرت کرنے والے متاثرین نے کہا کہ ہماری جائیدادوں کی منتقلی نہیں ہوئی جس کے لئے آئندہ کا لائحہ عمل بنانے کی استدعا کی گئی اور دیگر پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے متاثرین کی گفتگو سنی اور آئینی، قانونی اور اخلاقی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی رکن رابطہ کمیٹی و ممبر قومی اسمبلی کشور زہرہ اور رکن رابطہ کمیٹی محفوظ یار خان موجود تھے۔