نان اور انڈر فائلرز کی اصطلاح کا جائزہ لینگے‘ شوکت ترین


کراچی(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کراچی چیمبر کی جانب سے ٹیکس قوانین (تیسری ترمیم) آرڈیننس 2021 کے ذریعے ترمیم پر اظہارِتشویش کے جواب میں یقین دہانی کرائی ہے کہ وزارت خزانہ اس معاملے کا جائزہ لے گی اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نان فائلر اور انڈر فائلر کی اصطلاحات کا جائزہ لیا جائے گاجبکہ اس دوران کسی کو دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ ایف بی آر براہ راست کارروائی نہیں کرے گا۔ایف بی آر چیمبرز کے ساتھ متعلقہ ڈیٹا شیئر کرے گا اور اسے اپنی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کرے گا۔حکومت آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی مدد لینے کا ارادہ رکھتی ہے اور تیسرے فریق کے ذریعے تشخیص کی جائے گی نیز ٹیکس نادہندگان کو واجبات ادا کرنے کے لئے 90 دن کا مناسب وقت فراہم کیا جائے گا۔یہ گفتگو انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کے وفد سے ملاقات کے موقع پر اجلاس کے دوران کہی۔اجلاس میںوفاقی وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) اشفاق احمد، وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے دیگر سینئر حکام بھی شریک تھے جبکہ کے سی سی آئی کے وفد میں صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، چیئرمین بزنس مین گروپ  زبیر موتی والا ، وائس چیئر مین ہارون فاروقی اور جاوید بلوانی، جنرل سیکریٹری اے کیو خلیل شامل تھے۔ چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا کی جانب سے سندھ کی برآمدی صنعتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کاحوالہ دیتے ہوئے وزارت خزانہ اور وزارت توانائی  نے سندھ کی برآمدی صنعتوں کو 6.5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی قیمت پر آر ایل این جی فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ سبسڈی کی منظوری دے گی اور متعلقہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائے گا۔حماد اظہر نے کہا کہ وزارت توانائی موسم سرما میں گیس بحران پر کے سی سی آئی کے خدشات پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اجلاس بھی بلائے گی تاکہ وہ سردیوں کے موسم میں ایس ایس جی سی ایل کی صنعتوں، صارفین کو گیس کی آسانی سے فراہمی کے طریقے اور ذرائع تلاش کر سکیں۔ ایم ڈی ایس ایس جی سی کو بھی ہدایت کی جائے گی کہ وہ اس سلسلے میں کے سی سی آئی کے ساتھ اجلاس بلائیں۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کے کاٹن یارن کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کرنے کے مطالبے پر غور کر نے کی یقین دہانی کروائی ۔ 
کراچی چیمبر

ای پیپر دی نیشن