شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری پیر سید اشرف رسول ایم پی اے نے کہا ہے کہ ملک اندھیروں میں ڈوب چکا ہے اس ملک کو موجودہ حکومت نے بہت پیچھے دھکیل دیا ہے ترقی کے سفر پر چلنے کا سفر روک دیا گیا ہے جس کے باعث عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،بجلی کا چند ہزار بل نہ دینے والے کو تو پکڑ کر جیل بھیج دیا جاتا ہے مگر ملک پر قرضوں کا کوہ ہمالیہ لادنے والے موجودہ حکمرانوں کو کوئی نہیں پوچھ رہاحکمرانوں کی بداعمالیوں کی سزا پوری قوم کو بھگتنا پڑرہی ہے، اپنے ایک بیان میں پیر سید اشرف رسو ل ایم پی اے نے کہا کہ حکومت ورلڈ بینک کے کلرکوں پر تو اندھا اعتماد کرتی ہے مگر اپنے ملک کے مخلص ماہرین معیشت پر اعتماد کرنے کو تیار ہے نہ ملک وقوم کیلئے کچھ کرنے کاویژن رکھتی ہے یہ حکومت صرف دھرتی کابوجھ ہے ، موجودہ حکومت نے ملک کو ایسی راہ پر لگا دیا ہے جس میں ہر فرد بے روزگار اور گھر کے چولہے بند ہو چکے ہیں ملک اندھیرے میں جا گرا ہے، پاکستان کو اس وقت صرف نواز شریف ہی ترقی کی راہ پر لا سکتے ہیں اور قوم اس وقت جس مہنگائی میں گری ہوئی ہے وہ خوشحالی کی راہ پر آ سکتی ہے ، انہوں نے مزیدکہا کہ موجودہ حکومت نے غریب کے منہ سے آخری نوالہ تک چھین لیاہے اور اب لوگ صرف اس نواز شریف کی راہ دیکھ رہے ہیں جو غریبوں کیلئے موٹروے، ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر چکے تھے ۔
حکمرانوں کی بداعمالیوں کی سزا قوم کو بھگتنا پڑرہی ہے:اشرف رسول
Oct 03, 2021