شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف اوورسیز پاکستانیز و پاک عرب بزنس فورم جدہ سعودی عرب کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حاجی رانا طاہر رشید خاں نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی تمام تر امیدیں اب پاکستان بالخصوص وزیر اعظم عمران خان سے وابستہ ہیں جن کی دانشمندانہ حکمت عملی اور واضح موقف نے پوری دنیا پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گا اور بھارت کے کشمیریوں پر جاری مظالم کا راستہ روکنے کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھائے گا ، اپنے ایک بیان میں حاجی رانا طاہر رشید خاںنے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیکر جو پیغام دیا اسے حقیقی معنوں میں وزیر اعظم عمران خان ایڈریس کررہے ہیں کشمیر کی آزادی نہ صرف خطہ میں پائیدار قیام امن کی ضمانت ہے بلکہ پاکستان بھارت اور اب چین کے بھی باہمی اختلافات کے خاتمہ کی بنیاد ہے اگر بیرونی دنیا جنوبی ایشاء کے امن کیلئے سنجیدہ ہے تو اقوام متحدہ کی کشمیر کے حوالے سے منظور شدہ قرار دادوں کو عملی جامہ پہنانے میں پاکستان کی طرح ہر ملک کو کردار ادا کرنا ہوگا۔